Aug 7, 2026 06:07 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
لمبنی میں ایک سال کے دوران ٹریفک حادثات میں 585 افراد جاں بحق، تقریباً آٹھ ہزار زخمی

لمبنی میں ایک سال کے دوران ٹریفک حادثات میں 585 افراد جاں بحق، تقریباً آٹھ ہزار زخمی

01 Aug 2026
1 min read

لمبنی میں ایک سال کے دوران ٹریفک حادثات میں 585 افراد جاں بحق، تقریباً آٹھ ہزار زخمی

مولانا مشہود خاں نیپالی 

لمبنی پردیش نیپال

 نیپال کے صوبہ لمبنی میں گزشتہ مالی سال 2082/83 کے دوران پیش آنے والے ٹریفک حادثات نے تشویشناک صورت حال اختیار کر لی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع میں ہونے والے 4 ہزار 797 سڑک حادثات میں 585 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے۔ نیپال پولیس ہائی وے سکیورٹی اینڈ ٹریفک مینجمنٹ آفس، بٹول کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں دفتر کے سربراہ پولیس سپرنٹنڈنٹ نشان تھاپا نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 424 مرد، 110 خواتین اور 51 بچے شامل ہیں۔ حادثات میں 1 ہزار 799 افراد شدید زخمی ہوئے، جبکہ 6 ہزار 259 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق حادثات کی بنیادی وجوہات تیز رفتاری، شراب یا نشہ آور اشیاء کے زیر اثر گاڑی چلانا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہیں، جن کی وجہ سے ہر سال قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق حادثات میں ملوث 6 ہزار 822 گاڑیوں میں سب سے زیادہ موٹر سائیکل اور اسکوٹر شامل رہے، جن کی تعداد 4 ہزار 286 رہی۔ اس کے علاوہ 666 جیپ اور کاریں، 509 ٹیمپو، 495 انسانی طاقت سے چلنے والی گاڑیاں، 210 بسیں اور 204 ٹرک و ٹریکٹر بھی مختلف حادثات کا شکار ہوئے۔ اسی مالی سال کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 1 لاکھ 20 ہزار 48 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس سے حکومت کو 13 کروڑ 58 لاکھ 6 ہزار 63 روپے کا ریونیو حاصل ہوا۔ ٹریفک حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رفتار پر قابو رکھیں، نشے کی حالت میں گاڑی چلانے سے مکمل اجتناب کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی ذمہ داری سمجھیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔مولانا مشہود خاں نیپالی

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383)