Apr 21, 2026 04:00 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
سعادت افتتاح بخاری شریف

سعادت افتتاح بخاری شریف

16 Apr 2026
1 min read

سعادت افتتاح بخاری شریف

پریس ریلیز  نیپال اردو ٹائمز

مالدہ ویسٹ بنگال

رمضان کریم کی مبارک ساعتوں کے اختتام کے بعد مدارس اسلامیہ میں جب تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوتا ہے تو طلبائے کرام جو درجۂ فضیلت سال اخیر میں زیر تعلیم ہوتے ہیں، درسِ بخاری شریف سے اپنی علمی منازل کا باقاعدہ آغاز کرتے ہیں۔ صحیح بخاری شریف ایک ایسی عظیم الشان اور بابرکت کتاب ہے کہ اس کے آغاز و اختتام، دونوں مواقع پر خصوصی محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

اسی مبارک سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مدرسہ مصباح العلوم کدمتلی (پوکھریا مالدہ بنگال) میں دورۂ حدیث شریف کا آغاز ہوا، اور ساتھ ہی صحیح بخاری شریف کے درس کی پہلی نشست منعقد ہوئی۔یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ قرآنِ مقدس کے بعد اگر کسی کتاب کو سب سے زیادہ قبولیت وفضیلت اور استناد حاصل ہے تو وہ صحیح بخاری شریف ہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے درس کا آغاز ہر طالبِ علم کے لیے ایک عظیم سعادت اور اس کی علمی زندگی کا ایک اہم موڑ ہوتا ہے۔اساتذۂ جامعہ کی توجہات اور خصوصی عنایات سے افتتاحِ بخاری کا شرف ناچیز فقیر محمد اشفاق عالم امجدی علیمی کو حاصل ہوا، حالاں کہ اس کے لیے ایک عظیم شخصیت، جامع معقولات و منقولات حضرت علامہ مفتی نوشاد عالم مصباحی صاحب دامت برکاتہم کی تشریف آوری متوقع تھی، مگر بعض ناگزیر مصروفیات کے باعث وہ بروقت نہ پہنچ سکے۔ تاہم ان کی 

اجازت اور جملہ اساتذۂ کرام کی نوازش کے بعد  اس حقیر کو یہ سعادت نصیب ہوئی۔

درس کا آغاز صحیح بخاری شریف کے تعارف سے کیا گیا، جس میں اس کتابِ جلیل کے امتیازی اوصاف، اس کی علمی شان اور امت میں اس کے مقام و مرتبہ کو مختصر انداز میں بیان کیا گیا۔ اس کے بعد امام المحدثین حضرت امام محمد بن اسماعیل بخاری رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کی عظیم شخصیت پر روشنی ڈالی گئی، جنہوں نے احادیثِ مبارکہ کو جمع کر کے امت پر عظیم احسان فرمایا۔بعد ازاں "بدء الوحی" کے ابتدائی مباحث کو موضوعِ گفتگو بنایا گیا، جس میں نزولِ وحی کی حقیقت، باب اور آیتِ کریمہ سے متعلق چند اہم نکات بیان کیے گئے۔ دورانِ درس بعض علمی سوالات بھی پیش آئے، جن کے جوابات حتیٰ المقدور عرض کیے گئے۔

مزید برآں حضرت ابنِ وقاص اللیثی رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کا مختصر تعارف بھی پیش کیا گیا۔ آخر میں حدیثِ مبارکہ "انّما الْاعْمال بالنيّات" پر مختصر گفتگو ہوئی۔ اس کے بعد فاتحہ خوانی کی گئی، پھر مدرسہ کے شیخ الحدیث صاحب نے دعا فرمائی، اور یوں یہ بابرکت محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔آخر میں بارگاہ رب لم یزل میں دعا ہے کہ مولی تعالیٰ امام بخاری کے مزار پر انوار و تجلیات کی بارشیں نازل فرمائے اور ہمیں فیوض وبرکات سے مالا مال فرمائے مزید علم دین سے آراستہ ہونے کی توفیق عطا فرمائے آمین بجاہ سید الانبیاء والمرسلین صلی اللّٰہ علیہ وسلم

احقر العباد:محمد اشفاق عالم امجدی علیمی

بچباری آبادپور کٹیہار (بہار)

استاذ و مفتی: مدرسہ مصباح العلوم کدمتلی

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383