حضرت علامہ مظہر حسین علیمی دینی و اصلاحی خدمات کے مظہر ہیں :سید مظہری
روپندیہی نیپال
یہ نہایت ہی مسرت و افتخار کا مقام ہے کہ غازیٔ نیپال، پیکر حسن اخلاق مفکر اسلام حضرت مولانا مظہر علی علیمی نظامی صاحب قبلہ کی دینی، علمی اور اصلاحی خدمات کو باقاعدہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے مدرسہ اہلِ سنت پوکھربھنڈا روپندیہی میں بیس سالہ مسلسل خدمت کے اعتراف میں “تاجدارِ حرم کانفرنس” کے پر بہار موقع پر آپ کو شایانِ شان اعزاز سے نوازا گیا۔
حضرت کی یہ خدمات محض ایک تدریسی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت دینی تحریک کا درجہ رکھتی ہیں۔ آپ نے گزشتہ دو دہائیوں میں جس اخلاص، استقامت اور حکمت کے ساتھ طلبہ کی علمی تربیت، اخلاقی اصلاح اور عقیدۂ اہلِ سنت کی پاسداری فرمائی، وہ بجا
طور پر قابلِ تقلید اور لائقِ تحسین ہے۔ آپ کی محنتوں کا ثمرہ ہے کہ آج اس مدرسہ سے نکلنے والے طلبہ دینِ متین کے سچے داعی اور قوم و ملت کے رہنما بن کر ابھر رہے ہیں۔
یہ اعزاز درحقیقت آپ کی شبانہ روز محنتوں، خاموش قربانیوں اور بے لوث خدمات کا اعتراف ہے۔ ایسے مواقع قوم و ملت کے لیے حوصلہ افزا ہوتے ہیں اور دیگر اہلِ علم کوبھی یہ پیغام دیتے ہیں کہ اخلاص کے ساتھ کی جانے والی خدمت کبھی رائیگاں نہیں جاتی بلکہ ایک نہ ایک دن اس کا اعتراف کیا جاتا ہے ہم اس بابرکت موقع پر حضرت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کی خدمات کو مزید وسعت عطا فرمائے، آپ کے علم و عمل میں برکتیں نازل فرمائے اور آپ کو دینِ اسلام کی مزید عظیم خدمات انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ تعالیٰ اس اعزاز کو آپ کے لیے ذریعۂ رفعتِ درجات بنائے اور ہم سب کو بھی اخلاص و للہیت کے ساتھ دین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ۔سید غلام حسین مظہری
مرکزی صدر علماء فاؤنڈیشن نیپال
