Aug 7, 2026 06:04 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
مدارس اسلامیہ کا تحفظ وقت کی سب سے بڑی ضرورت

مدارس اسلامیہ کا تحفظ وقت کی سب سے بڑی ضرورت

02 Jul 2026
1 min read

مدارس اسلامیہ کا تحفظ وقت کی سب سے بڑی ضرورت

✍🏻مفتی سراج احمد قادری، مصباحی، ممبئی، انڈیا

6355155781

الحمد للہ! برصغیر کے مدارس اسلامیہ نے صدیوں سے دین اسلام کی حفاظت، قرآن و حدیث کی تعلیم، مساجد کے لیے ائمہ و خطباء کی تیاری اور امت کی دینی رہنمائی کا عظیم فریضہ انجام دیا ہے۔ انہی مدارس کی بدولت آج بھی اذانیں بلند ہو رہی ہیں، نمازیں قائم ہیں، قرآن کریم کی تعلیم عام ہے، اور دین کی بنیادی تعلیمات نسل در نسل منتقل ہو رہی ہیں۔

مگر آج حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔ مختلف ریاستوں میں مدارس کے وجود پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کہیں مدرسہ بورڈ ختم کیا جا رہا ہے، کہیں مدارس کو سرکاری اسکولوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے، کہیں ان کی اسناد کی قانونی حیثیت ختم کی جا رہی ہے، اور کہیں نئی تقرریوں پر پابندیاں لگ رہی ہیں۔ اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو آنے والے وقت میں مدارس اسلامیہ کا نظام شدید مشکلات سے دوچار ہو سکتا ہے۔

یہ سوال ہر صاحب ایمان کے سامنے ہے کہ اگر مدارس کمزور ہوگئے تو آئندہ ائمہ، مفتیان کرام، حفاظ قرآن، محدثین، مفسرین اور دینی معلمین کہاں سے آئیں گے؟ مساجد میں امامت کون کرے گا؟ بچوں کو قرآن کون پڑھائے گا؟ امت کی دینی رہنمائی کی ذمہ داری کون سنبھالے گا؟

یہ وقت باہمی اختلافات میں الجھنے کا نہیں بلکہ دین کے بنیادی اداروں کی حفاظت کا ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہم میں سے بہت سے لوگ اپنیتوانائیاں غیر ضروری مباحث میں صرف کر رہے ہیں، جبکہ مدارس جیسے بنیادی دینی اداروں کے مسائل ہماری اجتماعی توجہ کے منتظر ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مدارس کے استحکام کے لیے عملی اقدامات کریں۔ ان کی مالی مدد کریں، اہل خیر کو مدارس سے جوڑیں، تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں تعاون کریں، اور ایسے طلبہ کی حوصلہ افزائی کریں جو دین کی خدمت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنا چاہتے ہیں۔ مدارس کی عزت و وقار کی حفاظت دراصل دین اسلام کی خدمت ہے۔

یاد رکھنا چاہیے کہ مدارس صرف عمارتوں کا نام نہیں، بلکہ یہ قرآن و سنت کے امین، اسلامی تہذیب کے محافظ اور امت کے روحانی مراکز ہیں۔ اگر یہ مضبوط رہیں گے تو دین کی شمع روشن رہے گی، اور اگر یہکمزور پڑ گئے تو اس کا نقصان پوری امت کو اٹھانا پڑے گا۔ آئیے! ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ اپنے مدارس، اپنے علما اور اپنے دینی اداروں کی حفاظت، خدمت اور تعاون کو اپنی دینی و ملی ذمہ داری سمجھیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے مدارس کی حفاظت فرمائے، انہیں ہمیشہ آباد رکھے، اور ان سے وابستہ تمام خادمین کو اخلاص، استقامت اور قبولیت عطا فرمائے۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383)