Sep 21, 2026 10:42 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
والد کی خوشی بیٹے کی کامیابی پر

والد کی خوشی بیٹے کی کامیابی پر

20 Aug 2026
1 min read

والد کی خوشی بیٹے کی کامیابی پر

استاذ الاساتذہ ادیب شہیر علامہ شمیم احمد نوری مصباحی حفظہ اللہ کا اپنے صاحبزادے کے تکمیل حفظ قراآن کی ساعت سعید کے انتظار میں لکھی ہوئی تحڑیر

 قارئین کی نظر کرتے ہیں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

الحمدللہ ثم الحمدللہ! ایک خواب کی تعبیر، ایک دعا کی قبولیت! 

آج دل بے اختیار مسرور بھی ہے، نم دیدہ بھی؛ زبان پر شکر کے کلمات بھی ہیں اور دل میں دعاؤں کا ایک جہان بھی! 

الحمدللہ رب العالمین! 

یہ میرے ربِّ کریم کا فضلِ عظیم، اس کا بے پایاں کرم اور اس کی خاص عنایت ہے کہ فقیرزادہ، عزیزم توصیف رضا برکاتی ان شاء اللہ نصفِ اکتوبر تک حفظِ قرآنِ کریم کی تکمیل کی عظیم سعادت سے مشرف ہونے جا رہا ہے۔ اس کے بعد اکتوبر کے آخری ایام میں کسی مناسب تاریخ کو اسے سند و دستارِ حفظِ قرآن سے سرفراز کیا جائے گا۔

یہ لمحہ میرے لیے فقط ایک تعلیمی مرحلے کی تکمیل نہیں، بلکہ ایک ایسی نعمت کی خوش خبری ہے جس پر جتنا شکر ادا کیا جائے کم

ہے۔ ایک باپ کے لیے اس سے بڑھ کر سعادت اور کیا ہو سکتی ہے کہ اس کی اولاد کے سینے میں کلامِ الٰہی محفوظ ہو جائے!

یا رب العالمین! تیرے فضل کا شکر کیسے ادا کریں؟ 

تو نے ہمت بخشی، توفیق عطا کی، راستہ دکھایا، اور اپنے پاک کلام کی حفاظت کے لیے جہاں دنیا بھر میں بہت سے خوش نصیبوں کا انتخاب فرمایا وہیں ہمارے بچے کا سینہ بھی اس عظیم سعادت کے لیے منتخب فرمایا۔

فَلِلّٰهِ الْحَمْدُ وَالْمِنَّةُ۔

اس خوشی کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے اپنے عزیز ازجان بیٹے حافظ توصیف رضا برکاتی کے اساتذۂ کرام بالخصوص محب 

گرامی مکارم الاخلاق حضرت مولانا حافظ 

وقاری اقبال حسین صاحب مصباحی (پرنسپل) اور توصیف بابو کے استاذخاص  پیکر

شفقت حضرت حافظ وقاری علی اصغر صاحب اعظمی مصباحی مدرس مدرسۃ المدینہ فیضانِ صدیق اکبر اعظم گڑھ ودیگر سبھی اساتذۂ کرام کی خدمت میں بھی ہدیۂ تشکر 

پیش کرتا ہوں، جن کی مخلصانہ محنت، مسلسل توجہ، شفقت، تربیت، تعلیمی لگن اور شبانہ روز جدوجہد نے اس سفر کو آسان بنایا۔

بلاشبہ حفظِ قرآن صرف بچے کی محنت کا نتیجہ 

نہیں ہوتا؛ اس کے پیچھے والدین کی دعائیں، اساتذہ کی محنت، ادارے کی تربیتی فضا اور 

سب سے بڑھ کر اللہ رب العزت کی توفیق و عنایت کارفرما ہوتی ہے۔

میں اپنے رب کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ایسے مخلص اساتذہ عطا فرمائے جن کی محنتوں کے ثمرات ہمارے بچوں کی علمی و دینی

زندگی میں نمایاں ہو رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان تمام اساتذۂ کرام کو دنیا و آخرت میں بہترین 

جزائے خیر عطا فرمائے، ان کے علم و عمل میں برکت دے اور ان کی محنتوں کو صدقۂ جاریہ بنائے۔ آمین یارب العالمین بجاہ سیدالمرسلین (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)

فی الحال عزیزم توصیف رضا برکاتی مدرسۃ المدینہ فیضانِ صدیق اکبر اعظم گڑھ میں

تحفیظِ قرآنِ کریم کے ساتھ عصری تعلیم (آٹھویں کلاس) بھی حاصل کر رہے ہیں۔ 

میری دلی آرزو اور ربِّ کریم کی بارگاہ میں عاجزانہ دعا ہے کہ قرآنِ کریم ان کے سینے میں ہمیشہ محفوظ رہے، ان کی زندگی قرآن کے نور سے منور ہو، وہ حافظِ قرآن کے ساتھ عاملِ قرآن بھی بنیں، علمِ دین و دنیا دونوں میں کمال حاصل کریں اور مستقبل میں دین و ملت، والدین، اساتذہ اور معاشرے کے لیے باعثِ خیر و افتخار ثابت

ہوں۔

 اے میرے رب! 

جس طرح تو نے انہیں اپنے کلام کو سینے میں محفوظ کرنے کی سعادت عطا فرمائی ہے، اسی طرح انہیں اس کلام کا ادب، فہم، عمل اور پیغامِ ہدایت دوسروں تک پہنچانے کی توفیق بھی عطا فرما۔انہیں مزید علوم دینیہ وعصریہ کی تحصیل کی توفیق سعید عطا فرما،

 اور انہیں والدین کے لیے آنکھوں کی ٹھنڈک، اساتذہ کے لیے سرمایۂ افتخار اور ملتِ اسلامیہ کے لیے نفع بخش فرد بنا دے۔

احباب و متعلقین سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ اس خوش آئند سفر کی تکمیل، عزیزم کی استقامت، علمی ترقی اور روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

اللہ تعالیٰ اس سعادت کو شرف قبولیت عطافرمائے، اسے ہمارے لیے دنیا و آخرت کی بھلائی کا ذریعہ بنائے اور تمام بچوں کو حفظِ قرآن و علمِ دین کی دولت سے مالامال فرمائے۔

العارض:محمد شمیم احمد نوری مصباحی

خادم:دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف، باڑمیر (راجستھان)

ساکن: بھوانی پور (سمرہنا)

 پوسٹ:اسکا بازار، ضلع سدھارتھ نگر (یوپی)

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)