اتحاد ہی میں برکت ہے — حضرت علامہ نورالہدیٰ نظامی مصباحی علیہ الرحمہ کی یادیں اور مشن
محمد نورالقمرنورانی قادری
اتحاد ہی میں برکت ہے اتحاد ہی میں طاقت ہے اور اتحاد ہی میں قوم و ملت کی حقیقی کامیابی پوشیدہ ہے ہماری تاریخ میں ایسے مخلص بے باک اور نڈر علماء گزرے ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی قوم و ملت کو جوڑنے علماء کے درمیان محبت پیدا کرنے اور لوگوں کی خدمت کے لیے وقف کر دی انہی شخصیات میں ایک نمایاں نام حضرت علامہ نورالہدیٰ نظامی مصباحی علیہ الرحمہ کا بھی ہے حضرت علامہ نورالہدیٰ نظامی مصباحی علیہ الرحمہ نے اپنی زندگی میں ہمیشہ اتحاد و اتفاق کی کوشش کی جب تک آپ حیات رہے لوگوں کو قریب لانے، باہمی اختلافات کو کم کرنے اور قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی فکر میں رہے آپ حق گو بے باک اور نڈر عالم تھے حق بات کہنے میں کسی مصلحت کو خاطر میں نہیں لاتے تھے اور قوم و ملت کے مفاد میں اپنی آواز بلند کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے آپ کی زندگی کا ایک اہم مشن علماء کرام سے رابطہ رکھنا تھا آپ علماء کی قدر و منزلت کو سمجھتے تھے اور ان کے درمیان باہمی تعلق اور اتحاد کو قوم کی مضبوطی کا ذریعہ سمجھتے تھے ساتھ ہی آپ کے دل میں عام مسلمانوں کا بھی درد تھا کسی ضرورت مند کی مدد کرنا، کسی پریشان حال کے کام آنا اور لوگوں کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھنا آپ کی نمایاں خصوصیات میں شامل تھا حضرت کا پیغام صرف باتوں تک محدود نہیں تھا بلکہ آپ عملی زندگی میں بھی اسے نبھاتے تھے۔ آپ کا اندازِ فکر یہ تھا کہ دنیا میں آئے ہیں تو کچھ ایسا کام کر کے جائیں کہ ہمارے جانے کے بعد بھی لوگ ہمیں اچھے لفظوں میں یاد کریں، ورنہ انسان دنیا سے چلا جاتا ہے اور لوگ چند دنوں میں اسے بھول جاتے ہیں آج حضرت علامہ نورالہدیٰ نظامی مصباحی علیہ الرحمہ اس دنیا میں موجود نہیں ہیں، لیکن ان کی خدمات، ان کی حق گوئی، ان کی بے باکی، علماء سے محبت، قوم کا درد اور اتحاد کی کوششیں آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ یہی کسی انسان کی حقیقی کامیابی ہے کہ اس کے جانے کے بعد بھی لوگ اسے یاد کریں، اس کا ذکر کریں اور اس کے مشن کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں آج ہماری قوم کو پھر ایسے ہی مخلص لوگوں کی ضرورت ہے جو ذاتی مفاد سے اوپر اٹھ کر اتحاد، محبت، خدمت اور اصلاح کی بات کریں۔ ہمیں حضرت علامہ مولانا نورالہدیٰ نظامی مصباحی کی زندگی سے یہ سبق لینا چاہیے کہ اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کا احترام کیا جائے، علماء کو متحد رکھا جائے، قوم کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھا جائے اور جہاں تک ممکن ہو لوگوں کی مدد کی جائے حضرت چلے گئے، مگر ان کا مشن باقی ہے ان کی آواز خاموش ہوگئی، مگر ان کا پیغام باقی ہے ان کی زندگی ختم ہوگئی، مگر ان کی یاد آج بھی زندہ ہے اللہ تعالیٰ حضرت علامہ نورالہدیٰ نظامی مصباحی علیہ الرحمہ کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے اتحاد، خدمتِ قوم اور حق گوئی کے مشن کو آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
محمد نورالقمرنورانی قادری
موبائل نمبر 9918488253
