Nov 10, 2026 04:10 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
مسلم یوتھ لیگ کے نمائندہ اجلاس میں گرما گرم بحثیں، ڈاکٹر ایم کے منیر اور شویتا بھٹ کے اہم خطاب

مسلم یوتھ لیگ کے نمائندہ اجلاس میں گرما گرم بحثیں، ڈاکٹر ایم کے منیر اور شویتا بھٹ کے اہم خطاب

09 Nov 2026
1 min read

مسلم یوتھ لیگ کے نمائندہ اجلاس میں گرما گرم بحثیں، ڈاکٹر ایم کے منیر اور شویتا بھٹ کے اہم خطاب

مودی کا انجام بھی ہٹلر اور مسولینی جیسا ہوگا: ڈاکٹر ایم کے منیر، انصاف کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: شویتا بھٹ

کوچی: مسلم یوتھ لیگ کے ریاستی کنونشن کے تحت منعقدہ نمائندہ اجلاس میں مختلف اہم سیاسی، سماجی اور قومی امور پر گرما گرم بحثیں ہوئیں۔ اجلاس کا افتتاح کیرالا انتظامی اصلاحات کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ایم کے منیر نے کیا، جبکہ سابق آئی پی ایس افسر سنجیو بھٹ کی اہلیہ شویتا بھٹ نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔

ڈاکٹر ایم کے منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا انجام بھی جرمنی کے آمر ہٹلر اور اٹلی کے ڈکٹیٹر مسولینی جیسا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آمریت پسند حکمرانوں کے زوال کا دور ہے۔ اسی لیے ڈونالڈ ٹرمپ اور بنجامن نیتن یاہو کو بھی سیاسی مزاحمت اور پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بالآخر ان کا انجام بھی ہٹلر اور مسولینی جیسا ہی ہوگا اور نریندر مودی کو بھی اسی طرح کے انجام سے دوچار ہونا پڑے گا۔

ڈاکٹر منیر نے کہا کہ جدوجہد میں وقت ضرور لگتا ہے، لیکن بالآخر کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ نوجوانوں کے احتجاج ہی کا نتیجہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آج شدید دباؤ اور مشکلات سے دوچار ہیں۔

مہاتما گاندھی کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناتھورام گوڈسے کی چلائی ہوئی تینوں گولیاں گاندھی جی کے جسم کے دائیں حصے میں لگی تھیں۔ یہ دراصل دائیں بازو کی فسطائی سیاست کی پہلی گولیاں تھیں۔ ایم ایس گولوالکر اور وی ڈی ساورکر گاندھی کے مخالف تھے۔ گولوالکر نے ترواننت پورم پہنچ کر گاندھی کے خلاف تقریر کی تھی اور اس کے دو ہفتے بعد گاندھی جی کا قتل کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ’’گاندھی کا تصور ہی ہندوستان کا تصور ہے۔ اگر گاندھی کا پیش کردہ سیکولرازم برقرار رہا تو فسطائیت کے لیے اس ملک میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ ایک زمانے میں ملک کو گاندھی کے قتل کا سامنا تھا، لیکن آج ملک ووٹ کے قتل جیسے سنگین مسئلے سے دوچار ہے۔ نوجوانوں کو اس ناانصافی کے خلاف سڑکوں پر اترنا ہوگا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کرنے والا کوئی بھی ہو، اس کی مخالفت ضروری ہے اور نفرت پھیلانے والوں کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

ایک متنازعہ یوٹیوبر سے اپنی ملاقات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر منیر نے کہا کہ وہ خود اس سے ملاقات کے لیے نہیں گئے تھے، بلکہ بیماری کے دوران وہ شخص ان کی عیادت کے لیے آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں گھر آنے والوں کو دروازے سے واپس لوٹانے کی روایت نہیں ہے۔ میں اس باپ کا بیٹا ہوں جس نے اپنے اوپر تیزابی بلب پھینکنے والے مارار کے ملاقات کے لیے آنے پر اسے چائے پیش کرکے اس کا استقبال کیا تھا۔ میں اس باپ کا بھی بیٹا ہوں جس نے کہا تھا کہ اگر آر ایس ایس کا کوئی شخص حرم میں مصلّیٰ بچھا کر نماز بھی ادا کرے، تب بھی اس تنظیم پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شویتا بھٹ نے کہا کہ سابق آئی پی ایس افسر سنجیو بھٹ کی قید اور ان کی رہائی کے لیے جاری قانونی جدوجہد کو آٹھ سال مکمل ہونے جا رہے ہیں، لیکن سچائی اور انصاف کے حصول کی لڑائی سے وہ پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جیل کی چار دیواری سنجیو بھٹ کے حوصلے اور عزم کو ختم نہیں کرسکتی۔

شویتا بھٹ نے 2019 میں سنجیو بھٹ کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد کوزی کوڈ میں مسلم یوتھ لیگ کی جانب سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر تنظیم نے جس یکجہتی کا اظہار کیا تھا، اسے وہ قدر کی نگاہ سے یاد کرتی ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو سیکولرازم اور بھائی چارے کی بہترین مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ تقسیم اور خوف کے ماحول کے درمیان سچائی بیان کرنے کی جرأت رکھنے والی نوجوان نسل ہی امید کی کرن ہے۔ سوال اٹھانا اور آئینی حقوق کا تحفظ کرنا ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سنجیو بھٹ کی رہائی اور انصاف کے حصول کے لیے ہر ممکن سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے سامنے سر تسلیم خم نہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مسلم یوتھ لیگ کی حمایت اور یکجہتی پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

مسلم یوتھ لیگ کے ریاستی صدر پناکاڈ سید منور علی شهاب تنگل نے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ ریاستی جنرل سکریٹری پی کے فیروز نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے ریاستی جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ پی ایم اے سلام، قومی سکریٹری ٹی اے احمد کبیر، وزیر تعمیراتِ عامہ پی کے بشیر، ریاستی سکریٹریز پی عبد الحمید اور رفیق منیملا، رکن اسمبلی نجیب کانتھاپورم، ٹی پی اشرف علی، یوتھ لیگ کے قومی جنرل سکریٹری شیبو میران، ویمنس لیگ کی ریاستی صدر زہرہ ممباڈ اور ایم پی اشرف موپن نے بھی خطاب کیا۔ ریاستی خزانچی پی اسماعیل نے اظہارِ تشکر کیا۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)