Nov 10, 2026 04:10 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
یوم اردو, سنت کبیر نگر کی مٹی میں اردو کا چراغ ابھی روشن ہے

یوم اردو, سنت کبیر نگر کی مٹی میں اردو کا چراغ ابھی روشن ہے

09 Nov 2026
1 min read

یومِ اردو, سنت کبیر نگر کی مٹی میں اردو کا چراغ ابھی روشن ہے

خصوصی رپورٹ

قاری اخلاق احمد نظامی

مقام و پوسٹ گلرہا مہنداول ضلع سنت کبیر نگر

جس ضلع کا نام ہی سنت کبیر کے نام پر ہو، وہاں یومِ اردو محض ایک رسمی دن نہیں ہو سکتا۔ مگہر وہ سرزمین ہے جہاں کبیر نے یہ ثابت کیا کہ انسان کی پہچان اس کی ذات سے نہیں اس کے عمل سے ہے۔ اردو کا مزاج بھی یہی ہے یہ زبان کسی ایک مذہب کی جاگیر نہیں، یہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کی آواز ہے

کبیر کی بولی میں ہندی، فارسی اور عربی کے الفاظ ایک ساتھ ملتے ہیں یہی امتزاج بعد میں اردو کی بنیاد بنا اس لیے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ سنت کبیر نگر اردو کی جڑوں سے جڑا ہوا ضلع ہے یہاں کی مٹی میں شروع سے ہی وہ مزاج موجود تھا جو اردو کو دوسری زبانوں سے الگ کرتا ہے: سادگی، انسانیت اور بغاوت۔

اتر پردیش میں اردو کو 1989 میں دوسری سرکاری زبان کا درجہ ملا تھا۔ مقصد تھا کہ سرکاری کام کاج میں اردو بولنے والوں کو سہولت ملے لیکن 35 سال بعد بھی یہ درجہ زیادہ تر کاغذوں تک محدود ہے۔

اعداد و شمار اس کی گواہی دیتے ہیں 2001 سے 2011 کے درمیان اپنی مادری زبان کے طور پر اردو لکھنے والوں کی تعداد 1.21 کروڑ سے گھٹ کر 1.09 کروڑ رہ گئی۔ لکھنؤ یونیورسٹی میں ایم اے اردو کی 120 سیٹوں میں سے اس سال صرف 65 طلبہ نے داخلہ لیا اتر پردیش اردو اکادمی میں تقریباً تین سال سے ایگزیکٹو کمیٹی ہی نہیں ہے۔ سنت کبیر نگر بھی اسی بحران کا حصہ ہے۔

اس بحران کے باوجود سنت کبیر نگر میں اردو کا چراغ بجھا نہیں اس کی خاص وجہ یہاں کے اہلِ قلم کی ذاتی محنت ہے کسی ادارے کی مہربانی نہیں۔

مولانا حامد الانصاری انجم نے اپنی پوری زندگی نعت گوئی کے لیے وقف کر دی ان کے گیارہ شعری مجموعے شائع ہوئے انہوں نے مدرسہ مدینۃ العلوم کی بنیاد بھی ڈالی۔

پروفیسر قمر صدیقی کا تعلق گاؤں واسن پوسٹ سیتھولیا سے ہے وہ آج ممبئی یونیورسٹی کے اردو شعبے میں پروفیسر ہیں ان کا رسالہ اردو چینل ہند و پاک کے صف اول کے رسالوں میں شمار ہوتا ہے۔

سلمان کبیر نگری نئی نسل کی نمائندگی کرتے ہیں وہ نئی روشنی رسالے کے مدیر ہیں ان کی کتاب تذکرہ شعرائے ضلع بستی میں علاقے کے 167 شعراء کا تذکرہ ہے یہ کتاب آنے والی نسلوں کے لیے ایک دستاویز ہے۔

ان کے علاوہ ارشد خان سکندر، فیض خلیل آبادی، مولانا سراج احمد قادری اور یاسر ابوالعاص جیسے نام بھی ضلع کی ادبی فضا کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

ضلع میں صحافت اور ادب کے ذریعے اردو کی خدمت کرنے والوں میں بھی کئی نام قابلِ ذکر ہیں صحافی و شاعر عبد المجید انصاری، صحافی و شاعر شہرت علی انصاری، صحافی و ادیب قاری اخلاق احمد نظامی، صحافی و ادیب عبد الباقی ندوی، صحافی عقیل احمد خان، صحافی و ادیب ظفیر علی کرخی، صحافی و ادیب احمد رضا قادری اور ادیب و شاعر مولانا مجیب بستوی سمیت ضلع کے بڑے بڑے ادیب و شاعر اپنی زبان و قلم سے اردو کی خدمت کر رہے ہیں یہی لوگ ہیں جو روزانہ اخبار، رسالوں، سوشل میڈیا اور مشاعروں کے ذریعے اردو کو لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔ ان کی محنت کی وجہ سے سنت کبیر نگر میں اردو اخبارات پڑھے جاتے ہیں اردو شاعری سنی جاتی ہے اور اردو زبان گاؤں گاؤں تک زندہ ہے۔

سنت کبیر نگر کے وہ خاموش خادمانِ اردو جن کا ذکر ضروری ہے

قاری نثار احمد نظامی امرڈوبھا خطابت کے ذریعے اردو ادب کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کی تقریر میں اردو کی مٹھاس، الفاظ کی شائستگی اور پیغام کی سچائی ایک ساتھ ملتی ہے۔ وہ اسٹیج سے صرف خطاب نہیں کرتے، وہ لوگوں کے دلوں میں اردو کی محبت پیدا کرتے ہیں۔ ان کی خطابت نے نوجوانوں کو اردو سے جوڑے رکھا ہے اور امرڈوبھا کا نام اردو کے نقشے پر روشن کیا ہے۔

مولانا مجیب بستوی سمریاواں بازار شعر و شاعری کے ذریعے اردو ادب کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کے اشعار میں درد بھی ہے، فکر بھی ہے اور تہذیب کی خوشبو بھی ہے۔ وہ اپنی شاعری سے عام آدمی کی بات کو ادب کا درجہ دیتے ہیں۔ سمریاواں بازار آج ان کی شاعری کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔

مولانا سراج احمد قادری خلیل آباد تحریر و تصنیف کے ذریعے اردو ادب کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کا قلم تحقیق، اصلاح اور ادب تینوں کا امین ہے۔ انہوں نے اپنی تحریروں سے اردو کے قارئین کو علم بھی دیا ہے اور فکر بھی دی ہے۔ خلیل آباد میں ان کی تصنیفی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے سرمایہ ہیں۔

مولانا نور القمر نورانی علیمی دھرم سنگھوا بازار تحریر کے ذریعے اردو ادب کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کی تحریر میں سادگی بھی ہے اور گہرائی بھی ہے۔ وہ اپنے علاقے کے مسائل کو اردو کے خوبصورت اسلوب میں پیش کرتے ہیں۔ دھرم سنگھوا بازار میں ان کی تحریری خدمات نے اردو کو ایک زندہ اور باوقار زبان کے طور پر قائم رکھا ہے۔

یہ تمام حضرات کسی بڑے عہدے یا شہرت کے محتاج نہیں ہیں۔ یہ لوگ بغیر کسی لالچ کے، صرف اردو کی محبت میں اپنی زندگیاں وقف کیے ہوئے ہیں۔ یہی اصل خادمانِ اردو ہیں۔

سنت کبیر نگر میں اردو کا اصل مسئلہ زبان سے محبت کی کمی نہیں روزگار کی فکر ہے۔ والدین اپنے بچوں کو اردو اس لیے نہیں پڑھاتے کہ ان کو لگتا ہے اس سے نوکری نہیں ملے گی اور یہ خوف بے بنیاد بھی نہیں ہے اسکولوں میں اردو کے عہدے خالی ہیں، دفتروں میں اردو مترجم نہیں ہیں سرکاری کام میں اردو کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے۔ جب زبان سے روزی نہیں جڑے گی تو لوگ اس سے دور ہوتے جائیں گے۔

دوسرا مسئلہ اردو کی شناخت کا ہے اس کو مسلمانوں کی زبان سمجھ لیا گیا ہے جبکہ منشی پریم چند، کرشن چندر اور راجندر سنگھ بیدی جیسے بڑے ناموں نے اردو میں ہی لکھا تھا اردو کو مذہبی خانے میں قید کرنا اس کے ساتھ سب سے بڑی ناانصافی ہے۔

تیسرا مسئلہ نئی نسل کا رسم الخط سے کٹنا ہے نوجوان رومن اردو میں لکھتے ہیں لیکن اردو رسم الخط نہیں پڑھ سکتے اگر یہ سلسلہ چلتا رہا تو اردو بولنے والے تو رہیں گے، لیکن اردو پڑھنے والے ختم ہو جائیں گے۔

سنت کبیر نگر میں اردو کو زندہ رکھنے میں مدارس کا کردار سب سے اہم ہے سرکاری اسکولوں میں اردو کمزور ہو رہی ہے لیکن مدارس میں آج بھی بچے اردو پڑھتے اور لکھتے ہیں البتہ مدارس کو بھی جدید تعلیم اور سرکاری تعاون کی ضرورت ہے۔ صرف مدارس کے سہارے اردو کو نہیں بچایا جا سکتا اسے اسکولوں، کالجوں اور دفتروں میں بھی جگہ دینی ہوگی۔

اردو کو بچانے کے لیے جذباتی تقریریں کافی نہیں ہیں، ٹھوس قدم اٹھانے ہوں گے۔

خالی عہدے بھرے جائیں سنت کبیر نگر کے اسکولوں میں اردو کے خالی عہدوں پر فوری بھرتی ہو۔

اردو کو روزگار سے جوڑا جائے ترجمانی، صحافت اور تدریس میں اردو کے مواقع پیدا کیے جائیں

ڈیجیٹل اردو کو فروغ دیا جائے نئی نسل تک اردو کو موبائل، ایپس اور سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچایا جائے۔

مقامی ادب کو نصاب میں جگہ ملے سنت کبیر نگر کے شاعروں کی کتابیں لائبریریوں میں ہوں، تاکہ بچے اپنے ضلع کے ادب سے واقف ہوں۔

اردو کو مشترکہ ورثہ سمجھا جائے اسے کسی ایک فرقے کی زبان نہ کہا جائے کبیر کی طرح اردو بھی اتحاد کی علامت ہے۔

سنت کبیر نگر میں اردو آج بھی زندہ ہے لیکن کمزور ہو رہی ہے۔ یہاں کے شاعر لکھ رہے ہیں، صحافی لکھ رہے ہیں، مدارس پڑھا رہے ہیں، رسالے چھپ رہے ہیں۔ مگر یہ سب افراد کی محنت پر چل رہا ہے، نظام کے سہارے نہیں۔

یومِ اردو ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ زبان صرف بات کرنے کا ذریعہ نہیں ہوتی، یہ ہماری پہچان ہوتی ہے۔ اگر ہم نے آج اردو کو نہ بچایا تو کل ہم اپنی ہی تاریخ کو پڑھ نہیں سکیں گے۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)